Aller au contenu principal

اسد محمد خان


اسد محمد خان


اسد محمد خان ( پیدائش: 26 ستمبر، 1932ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے بقید حیات افسانہ نگار، ڈراما نویس اور شاعر ہیں جو جدید اردو افسانے میں اپنا منفرد مقام رکھتے ہیں۔

حالات زندگی

اسد محمد خان 26 ستمبر 1932ء کو بھوپال، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ 1950ء میں پاکستان آئے اور کراچی میں بس رہے۔ یہیں تعلیم مکمل کی۔ افسانہ نگاری، تراجم اور شاعری کے علاوہ ریڈیو اور بعد ازاں ٹیلی وژن کے لیے گیت، ڈرامے اور فیچر لکھے۔

ادبی خدمات

اسد محمد خان کے پاس متنوع زندگی کا گہرا تجربہ، فطرتِ انسانی کا شعور اور اظہار کی بے پناہ صلاحیت کے ساتھ ساتھ تاریخ، تخیل اور معاصر زندگی سے لپٹی ہوئی پیچیدہ حقیقت کو بیان کرنے کے لیے نئے نئے فنی وسائل اور تکنیک تلاش کرنے کی والہانہ امنگ ہے۔ افسانوی دنیا میں اُن کی شہرت پہلے مجموعے کھڑکی بھر آسمان سے ہی ہو گئی حالاں کہ اُس میں تیرہ 13 افسانوں کے ساتھ اڑتیس 38 نظمیں بھی شامل تھیں مگر اس مجموعے میں شامل باسودے کی مریم، مئی دادا اور ترلوچن ایسے افسانے تھے جنھوں نے اُردو کے یادگارافسانوں میں جگہ حاصل کرلی۔ یہ تینوں کرداری افسانے ہیں۔ پہلے دو تو گھریلو وفادار ملازموں کی قبیل کے وہ افسانے ہیں جن میں جاگیرداری پس منظر کے حامل کنبے کے افراد (والدین) کو اور زیادہ عظیم المرتبت بنایا گیا ہے اور متکلم کے لیے بھی فخر کا یہ حوالہ موجود ہے کہ اُس کی تربیت میں عظیم قدروں اور رویوں کا دخل ہے مگر باسودے کی مریم اور مئی دادا غیر معمولی کردار ہوں گے، جنہیں یادگار بنانے میں اسدمحمدخان کی کردارنگاری، فضاسازی اور مکالمہ طرازی کا گہرا دخل ہے۔ باسودے کی مریم اُردو کے افسانوی ادب میں بے مثال اضافہ ہے۔ ترلوچن کراچی کی جھگیوں اور کچی آبادیوں کے دکھوں کے تخلیقی مداوے کے لیے ایک مثالی خیال طرازی ہے، اسد محمد خان مذہب کے نام پر منافقت اور استحصال کا مخالف ہے مگر ایک گہرا مذہبی اور متصوفانہ تجربہ اُس کے تخلیقی وجود میں ایسے رنگ بناتا رہتا ہے جو اشفاق احمد، قدرت اللہ شہاب یا ممتاز مفتی کے حکام رس رنگوں سے مختلف ہیں چنانچہ گھس بیٹھیا، چاکر، شہرکوفے کا محض ایک آدمی، غصے کی نئی فصل اور وہ افسانے جن کا پہلے ذکر ہو چکا اسی تجربے کے سبب معنوی گہرائی اور حسیاتی وسعت رکھتے ہیں :

مگر اسدمحمدخان کا یہ گہرا داخلی تجربہ اُسے ملّائیت کی معنوی دنیا کو لایعنی قراردینے سے نہیں روک سکتا۔ اُس کے افسانے مناجات میں سے چند فقرے دیکھیے :

اسد محمد خان کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ تاریخ سے انسانی بصیرت کے لیے ایسے معنی کشید کرتے ہیں جو ایک طرف انسانی فطرت کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں اور دوسری طرف تاجداروں، غرض مندوں، سازشیوں اورجلسے جلوسوں کی زینت بننے والوں کی ظاہری اغراض کے پس پردہ یامتوازی، دُھندلکے میں چھپی تمناؤں کو ایک وجدانی انکشاف بنا دیتے ہیں۔ اسدمحمدخان نے ایک سنجیدہ ڈی ٹیکٹو اسٹوری، گھڑی بھر کی رفاقت، نربدا، رگھوبا اور تاریخ فرشتہ اور ندی اور آدمی جیسے بہت اہم افسانے لکھے ہیں۔ اول الذکر کا عنوان کافی غیر سنجیدہ ہے مگر یہ عمل اسد محمد خان کی جانب سے نستعلیقیت اور سنجیدگی پر ہرآن لعنت بھیجنے کے تصورِحیات سے مطابقت رکھتا ہے، تاہم یہ اقتدار کے کھیل کے اندر آرزو، فریب، سازش، بے رحمی، باخبری اور لاعلمی کے سبھی عناصر کی ڈرامائیت پر مبنی ایسا افسانہ ہے جو عزیزاحمد کے جب آنکھیں آہن پوش ہوئیں اور خدنگِ جستہ کے پائے کا ہے کہ اس میں تاریخ، تخیل اور عصری شعور سے بصیرت افروزی کا کام لیا گیا ہے۔ اسی طرح گھڑی بھر کی رفاقت (برجِ خموشاں) میں ایک طبع زاد کہاوت مسافرت میں ایک وقت ایسا بھی آتا ہے جب گھوڑا اپنے سوار کی راسیں سنبھال لیتا ہے کی معنویت کو تاریخ کے پردے پر پھیلا کے ایک ڈرامائی منظر تشکیل دیا ہے، جس میں اِس نکتے کو اُجاگر کیا گیا ہے کہ سازشی کے تحفے سے قربت بھی آپ کو اپنے رنگ میں رنگ سکتی ہے۔ رگھوبا اور تاریخِ فرشتہ تو اس حوالے سے ایک حیرت انگیز افسانہ ہے، جس میں تاریخ، تہذیب، تصوف اور علم البشر افسانہ نگار کے تخلیقی تخیل سے ہم آہنگ ہو کر اُردو کا ایک یادگار افسانہ تخلیق ہوا ہے جس کی فضا سازی اور تخلیقی زبان اسد محمد خان کی انفرادیت کو ظاہر کرتی ہے۔ اسد محمد خان میں ڈراما بنانے اور ڈراما لکھنے کی بے پناہ صلاحیت ہے، یوپی، خطۂ پنجاب، سرحد اور کراچی میں آباد متنوع انسانوں کے ہر لہجے کی بازیافت تخلیقی سطح پر کر سکتا ہے، پھر اُس کے مشاہدے، تجربے، مطالعے اور تخلیقیت نے اُسے اتنا رنگارنگ مواد دیا ہے جو اُس کے بہت کم معاصرین کو نصیب ہوا ہے مگر دوتین چیزیں ایسی بھی ہیں جو ناقدین کو معائب کے طور پر دکھائی دیں گی جن سے اسد محمد خان اجتناب برتیں تو پھر وہ اسد محمد خان نہ رہیں۔ اسد محمد خان اُن لوگوں میں سے ہیں جنہیں انہدام یا ردِ تشکیل سے تخلیقی دلچسپی ہے اس لیے وہ اچانک اس طرح کے فقرے بھی لکھ جاتے ہیں جو افسانے کی فضا کی کبھی ضرورت ہوتے ہیں اور کبھی نہیں ہوتے۔ پاکستانی معاشرہ جس طرح تشدد ،تفتیش اور خودکشی کی لپیٹ میں آیا ہے اورساتھ ہی ساتھ جو پاکستان کے خود ساختہ محافظوں نے، اپنے حقِ شناخت کے طلب گاروں کو جس طرح لاپتہ کرنا شروع کیا ہے، اس سے سبھی واقف ہیں،یہ گم شدہ لوگ یا ان کے تفتیش خانوں میں ہیں یا ان کے آقاؤں نے خرید لیے ہیں،جو باقی بچے ہیں، وہ جرائم کی زیرِ زمین دنیا میں ہیں، انھیں بردہ فروشوں نے ماں باپ سے جدا کر دیا ہے،اب انھیں کوئی لوری اور کہانی سنانے والا نہیں،اب اگر کسی کی آنکھ میں ہمدردی نظر آتی ہے تو وہ لیاری کا کالا شیر اللہ بخش ہے یا پھر قبروں میں لیٹے وہ لوگ جنھوں نے ان کی امیدوں کا قاتل بننے کے لیے خود کش جیکٹ پہن رکھی تھی۔ اسد محمد خان شاید اردو کا وہ واحد افسانہ نگار ہے جس نے ان لاپتہ ہونے والے خصوصاً بلوچوں کے بارے میں لکھا ہے اور جو کراچی میں رزق کے لیے ریزہ چینی کرنے والی ہر قوم کی زبان ہی نہیں سمجھتا بلکہ ان کے احساس کو بھی سمجھتا ہے۔

تصانیف

  • 1982ء - کھڑکی بھر آسمان (کہانیاں اور نظمیں)
  • 1990ء - برجِ خموشاں (کہانیاں)
  • 1997ء - رُکے ہوئے ساون (گیت )
  • 1997ء - غصے کی نئی فصل (کہانیاں)
  • 2002ء - The Harvest of Anger and Other Stories (اکیس کہانیوں کا انگریزی ترجمہ)
  • 2003ء - نربدا اور دوسری کہانیاں (کہانیاں)
  • 2005ء - جو کہانیاں لکھیں (کلیات)
  • 2006ء - تیسرے پہر کی کہانیاں (کہانیاں)
  • 2010ء - ایک ٹکڑا دھوپ کا (12 افسانے)
  • 2016ء - ٹکڑوں میں کہی گئی کہانیاں (افسانے)

اعزازات

  • 2003ء - قومی ادبی ایوارڈ (اکادمی ادبیات پاکستان) پاکستان
  • 2004ء - احمد ندیم قاسمی ایوارڈ برائے فکشن پاکستان
  • 2007ء - مجلس فروغِ اردو ادب انعام، دوہا قطر
  • 2007ء - شیخ ایاز ایوارڈ برائے ادب پاکستان
  • 2009ء - تمغا امتیاز پاکستان
  • 2010ء - تہذیب ایوارڈ پاکستان

حوالہ جات


Text submitted to CC-BY-SA license. Source: اسد محمد خان by Wikipedia (Historical)