Aller au contenu principal

چھوٹے غلام علی خان


چھوٹے غلام علی خان


استاد چھوٹے غلام علی خان (پیدائش: 1910ء - وفات: 29 دسمبر، 1986ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے نامور کلاسیکی گلوکار اور موسیقار تھے۔

حالات زندگی

استاد چھوٹے غلام علی خان 1910ء کو ضلع قصور، برطانوی ہندوستان (موجودہ پاکستان) میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق قصور کے ایک موسیقی دان گھرانے سے تھا۔ انھوں نے موسیقی کی ابتدائی تربیت اپنے والد میاں امام بخش سے حاصل کی جو دھرپد انداز گائیکی میں اختصاص رکھتے تھے۔ استاد چھوٹے غلام علی خان خیال،ترانہ، ٹھمری، دادرا اور غزل سبھی یکساں مہارت سے گاتے تھے۔ وہ ایک عرصہ تک الحمرا آرٹس کونسل لاہور سے وابستہ رہے جہاں انھوں نے موسیقی کی تربیت کے لیے ایک اکیڈمی قائم کی تھی۔ ان کے شاگردوں میں شاہدہ پروین اور بدرالزماں، قمر الزماں کے نام نمایاں ہیں۔

اعزازات

حکومت پاکستان نے استاد چھوٹے غلام علی خان کی فنی خدمات کے اعتراف کے طور پر انھیں14 اگست، 1985ء کو صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔

وفات

استاد چھوٹے غلام علی خان 29 دسمبر، 1986ء کو لاہور، پاکستان میں وفات پاگئے۔ وہ لاہور میں میانی صاحب کے قبرستان میں سپردِ خاک ہوئے۔

حوالہ جات


Text submitted to CC-BY-SA license. Source: چھوٹے غلام علی خان by Wikipedia (Historical)